نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے مبینہ طور پر 35 ارب روپے کا فراڈ کرنے والے انتہائی مطلوب ملزم فہیم اکرم کو گرفتار کر لیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں ہونے والی تحقیقات کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق فی ڈاک ٹکٹ 2 امریکی ڈالر وصول کیے گئے، جبکہ فروخت کیے گئے ڈاک ٹکٹوں کی مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے بنتی ہے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مبینہ فراڈ کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، جن میں ملزم کے 7، اس کے بھائی کے 5، اہلیہ کے 2، جبکہ بہن اور خالہ کے ایک، ایک اکاؤنٹ شامل ہیں۔ اس معاملے میں مقدمہ نمبر 246/2026 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کیس کی تفتیش کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 35 چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔
تفتیشی ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ ملزم کا سراغ لگانے کے لیے 10 روز تک خصوصی لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا، جس کے نتیجے میں فہیم اکرم کو گرفتار کر لیا گیا۔
این سی سی آئی اے لاہور زون کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت، مالی لین دین، استعمال کیے گئے بینک اکاؤنٹس اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں ادارے کی جانب سے سائبر جرائم، آن لائن مالی فراڈ اور ڈیجیٹل ذرائع سے ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔