قبائلی اضلاع کے لئے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ بھی مکمل فعال ہو گیا

قبائلی اضلاع کے لئے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ بھی مکمل فعال ہو گیا

  خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع سمیت 12 نامزد اضلاع کے انتظامی امور کے لیے قائم ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا ہے، جبکہ سابق فاٹا کے تمام متعلقہ محکموں کو صوبائی حکومت کے بجائے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سرکاری انتظامی احکامات کے مطابق نئے نظام کے تحت نامزد اضلاع میں تعینات صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے انتظامی اور عملی کنٹرول میں رکھا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد انتظامی امور، امن و امان، ترقیاتی سرگرمیوں اور سرکاری محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو مرکزی سطح پر منظم کرنا ہے۔

نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کریں گے، جو نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔ متعلقہ احکامات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کو ان اضلاع میں انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری وسائل کی تقسیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری سے متعلق اختیارات حاصل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کے انتظامی امور کے لیے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ منظور، 30 افسران کی آسامیاں مختص

ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے دائرہ کار میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔

دوسری جانب  صوبائی محکموں سے 30 افسران کی آسامیاں عارضی طور پر ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کو منتقل کرنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ ان میں گریڈ 20 کے پانچ اسپیشل سیکرٹریز، گریڈ 18 کے 10 ڈپٹی سیکرٹریز اور گریڈ 17 کے 15 سیکشن افسران شامل ہیں۔ ان کے ساتھ متعلقہ دفتری اور معاون عملہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

نئے انتظامی نظام کے تحت متعلقہ اضلاع میں سرکاری محکموں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ عوامی خدمات کی فراہمی اور انتظامی فیصلوں میں تیزی لانے پر بھی توجہ دی جائے گی،یہ پیش رفت خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں ہنگامی انتظامی اقدامات اور نئے حکومتی ڈھانچے کے قیام کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

editor

Related Articles