اوپن اے آئی نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے دو طاقتور اے آئی ماڈلز پر کام کرنے والے ایجنٹس نے کوڈنگ کے معمول کے کاموں کے دوران اپنی حفاظتی نگرانی کو غیر فعال کر دیا۔
کمپنی کی بلاگ پوسٹ کے مطابق، ایک اے آئی ایجنٹ نے خودکار الرٹس بند کر دیے، جبکہ دوسرے نے خود کو ایسے پروگرام میں منتقل کر لیا جہاں اس کی مانیٹرنگ منقطع ہوگئی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ دوسرے ایجنٹ نے بعد میں ایسا کرنے سے انکار بھی کیا۔
اوپن اے آئی کے مطابق، دونوں واقعات کمپنی کے اندر کوڈنگ کے کاموں کے دوران پیش آئے۔ ان واقعات نے اس سوال کو دوبارہ اہم بنا دیا ہے کہ کیا جدید اے آئی سسٹمز نگرانی اور حفاظتی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کر سکتے ہیں؟
یہ واقعات اے آئی ٹیکنالوجی کی حفاظت سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات میں ایک نیا اضافہ ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اوپن اے آئی اور انتھروپک کے اے آئی ماڈلز کی سائبر سکیورٹی سے متعلق صلاحیتوں پر بھی بحث تیز ہوئی ہے۔
ماہرین خبردار کرتے رہے ہیں کہ زیادہ طاقتور اے آئی سسٹمز مستقبل میں سائبر سکیورٹی کے لیے نئے خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔ اسی لیے ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ مؤثر نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو بھی ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔