سجاد علی کے بھائی وقار علی کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبر سامنے آگئی

سجاد علی کے بھائی وقار علی کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبر سامنے آگئی

پاکستان کے معروف گلوکار اور موسیقار وقار علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اسٹیج فور پھیپھڑوں کا کینسر تشخیص ہوا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی بیماری سے متعلق اطلاع شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور خیر خواہوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

وقار علی معروف گلوکار سجاد علی کے بھائی ہیں اور پاکستانی ڈراموں کے لیے موسیقی ترتیب دینے کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کے کام میں ’مائی ری‘، ’غیر‘، ’پری زاد‘، ’خدا میرا بھی ہے‘ اور ’گل رعنا‘ سمیت متعدد ڈراموں کی موسیقی شامل ہے۔ انہوں نے اپنے بھائی سجاد علی کے لیے بھی موسیقی ترتیب دی ہے۔

وقار علی نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ وقت ان کے اور ان کے خاندان کے لیے مشکل ہے، تاہم وہ ایمان، حوصلے اور امید کے ساتھ ایک ایک دن گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کپل شرما شو کیوں چھوڑا؟ کئی سال بعد علی اصغر نے اصل وجہ بتا دی

انہوں نے کہا کہ اپنی بیماری کے بارے میں بتانا آسان نہیں تھا، لیکن وہ ان تمام لوگوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کرنا چاہتے تھے جنہوں نے برسوں سے انہیں محبت اور حمایت دی ہے۔

موسیقار کے مطابق، موسیقی ہمیشہ سے لوگوں کے ساتھ ان کے تعلق کا ذریعہ رہی ہے اور مداحوں کی محبت ان کے لیے الفاظ سے بڑھ کر اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

وقار علی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انہیں مستقبل کے بارے میں معلوم نہیں کہ آگے کیا ہوگا، تاہم انہیں دعاؤں کی طاقت، ایمان کی قوت اور خیر خواہوں کی محبت پر بھروسا ہے۔

ان کی صحت سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ کئی صارفین نے ان کے لیے ہمت، طاقت اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وقار علی کے مداح اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں اور ان کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔

editor

Related Articles