وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا، جس کے تحت 70 فیصد رقم ضم اضلاع جبکہ 30 فیصد باقی اضلاع پر خرچ کی جائے گی۔ باجوڑ، لکی مروت اور چترال میں دانش اسکولز جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور دیگر حکام نے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق 160 ارب روپے کے پیکج میں سے 70 فیصد رقم ضم اضلاع اور 30 فیصد باقی اضلاع پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاق خیبر پختونخوا کی تمام ضروریات اپنے وسائل سے پوری کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: میٹنگ چھوڑ کرمشیر اطلاعات ثمر بلور فوری اسپتال پہنچ گئیں، زخمی طالب علموں کی عیادت کی، انتظامیہ کو خصوصی ہدایات

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ، لکی مروت اور چترال میں دانش اسکول قائم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی استعداد کار بہتر بنائی جائے گی اور پولیس و محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔

ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے اور امیر مقام کے خاندانوں کا ذکر کیا۔ اجلاس کے دوران دونوں خاندانوں کے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پہلی بار شرکت کی اور وہ اجلاس سے بہت متاثر ہوئیں۔

Related Articles