خیبر پختونخوا کے نئے سیٹ اپ میں عوام کی مشکلات کم کرنے کا مشن ، عوامی سہولت اور شہروں کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔
اس سلسلہ میں مردان کے گنجان اور اہم ترین تجارتی راستے نوشہرہ روڈ پر بڑا کریک ڈاؤن کر کے سڑک اور فٹ پاتھوں پر قائم تمام غیر قانونی تعمیرات، عارضی تھڑوں اور قبضوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر مردان ڈاکٹر شیر زمان ڈوگر نے خود موجود رہ کر آپریشن کی نگرانی کی ۔
پختونخوا میں انتظامیہ کا تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، اسسٹنٹ کمشنر مردان ڈاکٹر شیر زمان ڈوگر نوشہرہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کیلئے موجود https://t.co/1noz1sFadt
انتظامیہ کی اس تندہی اور فوری نتائج دینے والی پیشرفت نے ثابت کر دیا ہے کہ جب نیت صاف ہو تو سالوں پرانے مسائل بھی لمحوں میں حل ہو جاتے ہیں ، سڑک کی کشادگی کے بعد تاجروں کو سخت تنبیہ کی گئی ہے کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سامان کی ضبطی اور بھاری جرمانوں سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس مستعد اقدام کو بے حد سراہا ہے اور اسے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے تاہم، اس کے ساتھ ہی شہریوں اور ناقدین نے پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں محض نعروں اور بیانات سے کام چلایا جاتا رہا اور سالہا سال اقتدار میں رہنے کے باوجود تجاوزات کا یہ اہم مسئلہ حل نہ ہو سکا۔
شہریوں کے مطابق اگر سابقہ دور میں ایسی ہی سنجیدہ عملی کارروائی کی جاتی تو عوام کو اتنے عرصے تک ٹریفک کی بدحالی اور اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔