خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب کے فنڈز پر وزیراعظم کی یقین دہانی! صوبے کے امن و ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، گورنر فیصل کنڈی

خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب کے فنڈز پر وزیراعظم کی یقین دہانی! صوبے کے امن و ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، گورنر فیصل کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے ، امن و امان اور خوشحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، خیبرپختونخوا کیلئے 160ارب روپے کے فنڈز پر عمل درآمد کیلئے وزیراعظم نے یقین دیانی کروائی ہے ۔

پشاور میں گورنر کے پی فیصل کنڈی نے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کیساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کو مضبوط بنانا ہے ۔

ایپکس کمیٹی اجلاس 

گورنر فیصل کنڈی  نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کااجلاس یوا جس میں سیکیورٹی اور ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی ، وزیر اعظم نے ہمارے مطالبات کی منظوری دی ہے ، صوبے میں تعینات افواج کے سربراہان نے سیکیورٹی صورتحال، چیف سیکریٹری نے ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ لائحہ عمل، جبکہ 12 اضلاع کے حکام نے اپنے منصوبوں پر بریفنگ دی ،  ان کے بقول، پہلی مرتبہ اس نوعیت کا اہم اور بڑا اجلاس منعقد ہوا۔

تجاوزات کے معاملے پر کوئی رعایت نہیں 

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تجاوزات کے معاملے پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ، تجاوزات کی موجودگی پر متعلقہ ضلعی حکومت جوابدہ ہوگی ،  جو کام کرے گاتو ٹھیک ورنہ گھر بیٹھے  تنخواہیں لینے والا اپنا بندوبست کرلے ۔

اضاخیل گوداموں میں گندم کے معاملے کی تحقیقات 

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم نے صوبے کے گیس اور گندم کے مسائل فوری حل کیے ہیں، صوبے کی ضرورت کے مطابق گندم فراہم کی جائے گی، تاہم اس کی فراہمی میں کسی قسم کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اضاخیل گوداموں میں گندم کے معاملے کی تحقیقات جلد سامنے لائی جائیں گی اور عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

من پسند تعیناتیوں کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرپشن اور من پسند تعیناتیوں کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی ، کام کرنے والے افسران ہی ٹیم کا حصہ رہیں گے، جبکہ کارکردگی نہ دکھانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : دعوے اور نعرے نہیں صرف کام ! خیبرپختونخوا میں انتظامیہ کا آپریشن جاری ، مردان کے نوشہرہ روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ

 ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 برس میں صوبے کو پیچھے دھکیلنے کے بعد اب اسے آگے لے کر جائیں گے ،  ہمارا وژن بدلتا، ترقی کرتا اور مضبوط خیبر بنانا ہے، نئے سفر میں شریک ہونے والوں کا خیرمقدم کریں گے، جبکہ پرانے طریقوں پر چلنے والوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہوگی۔

سیاسی جماعتیں متحد ہوں،  صوبے کامقدمہ دلیل سے لڑیں گے 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا،  جماعت اسلامی سمیت مختلف جماعتوں سے صوبے کے مسائل پر بات ہوئی ہے اور تمام جماعتوں نے وفاق کے سامنے صوبے کا مقدمہ اٹھانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے مشکل وقت میں وزیراعظم کی آمد اور مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑیں گے۔

گورنر نے کہا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ اولین ترجیح ہے ،  امن قائم ہونے کے بعد صوبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ماڈل اپنانے پر کام کیا جا رہا ہے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔

پولیس شہدا پیکیج

انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے لیے پیکیج پر کام جاری ہے اور پولیس کو جدید آلات اور ضروری سامان فراہم کرنے کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

گورنر نے پشاور میں ٹریفک کی خراب صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کے معاملات مختلف اداروں میں تقسیم ہیں ، شہر میں ایک لاکھ گاڑیوں کے مقابلے میں صرف 23 ہزار رجسٹرڈ گاڑیاں ہیں ، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا ریکارڈ بہتر بنانے اور ٹریفک نظام میں بہتری کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے جدید مشینیں بھی جلد نصب کی جائیں گی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ان کا وژن ایک ترقی کرتا، مضبوط اور بدلتا ہوا خیبرپختونخوا ہے، جہاں عوامی خدمت، شفافیت، امن اور ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔

editor

Related Articles