سکیورٹی فورسز نے گوادر میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کے حملوں کے دوران ایک شہری شہید ہو گیا اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار شہید نہیں ہوا اور علاقے میں امن و امان بحال کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے عمومی علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گرد ان مقامات کو نشانہ بنا کر ان لوگوں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں، جبکہ ان کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور اس کے گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز شروع کیے۔ مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے اور ریاستی عمل داری کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو روک دیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں کے حملوں میں ایک شہری نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز سکیورٹی فورسز کے کسی نقصان کے بغیر مکمل کیے گئے اور علاقے میں ریاستی عمل داری بحال کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ایک بلوچ خاتون کو اس حملے میں استعمال کرنے کے لیے مجبور کرنا ریاست کے خلاف جرم ہونے کے ساتھ بلوچ خواتین کی حرمت کے بھی منافی ہے۔ یہ اقدام دہشت گردوں کی جانب سے بلوچ خواتین کو اپنے مذموم پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے اور عوامی جذبات بھڑکانے کی کوشش کو ظاہر کرتا ہے۔
بیان کے مطابق اس طرح کے ہتھکنڈے بلوچ اور اسلامی روایات کے خلاف ہیں، جن میں خواتین کو انتہائی عزت و احترام دیا جاتا ہے۔ بلوچستان کے عوام مسلسل ان عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں جو ان کے نام پر خون بہاتے ہیں اور وہ اس فریب کو بھی پہچان لیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔