والد کی شہادت پر فخر ہے، پولیس میں بھرتی ہو کر خوارج سے لڑوں گا، شہید ایس ایچ او افضل خان کے بیٹے کا عزم

والد کی شہادت پر فخر ہے، پولیس میں بھرتی ہو کر خوارج سے لڑوں گا، شہید ایس ایچ او  افضل خان کے بیٹے کا عزم

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایس ایچ او افضل خان اعوان کے بیٹے نے والد کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی پولیس میں بھرتی ہو کر خوارج کے خلاف لڑیں گے اور وطن کے لیے شہید ہوں گے۔

شہید ایس ایچ او افضل خان اعوان کے بیٹے نے والد کے جنازے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں والد کی شہادت کا دکھ نہیں بلکہ فخر ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بھی پولیس جوائن کریں گے، خوارج کے خلاف لڑیں گے اور وطن کی خاطر اپنی جان قربان کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے، جبکہ پولیس کے مطابق کارروائی میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کرک کے علاقے بہادر چارپرہ میں پولیس چیک پوسٹ پر خوارج کا حملہ ناکام،5 خوارج جہنم واصل

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں گزشتہ شب دہشت گردوں نے چرپیرا روڈ پر ناکہ بندی کی تھی۔ دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے خلاف جمعرات کو دوپہر 12 بجے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا۔

حکام کے مطابق آپریشن کے دوران چرپیرا میں مبینہ دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، ایس آئی افضل خان اعوان، گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد شہید ہوگئے۔

 

Related Articles