محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے شہریوں کےلیے وینٹی نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ ایکسائز پنجاب کے مطابق اب ہر شہری اپنی مرضی کی نمبر پلیٹ گاڑی کو لگوا سکے گا۔ شہری کسی بھی نام، کسی بھی نمبر کی پلیٹ حاصل کرکے گاڑی پر آویزاں کرسکیں گے۔ پنجاب کے شہریوں کےلیے محکمہ ایکسائز نے نئی سکیم متعارف کرادی ہے۔ اب گاڑیوں کے شوقین افراد اپنے من پسند نمبر اور نام کی نمبر پلیٹس حاصل کرسکیں گے۔ وینٹی نمبر پلیٹس سکیم کے تحت شہری اپنے پسندیدہ نمبر کی آن لائن درخواست جمع کرائیں گے جسکی منظوری کے بعد مطلوبہ قیمت کے عوض نمبر پلیٹس ایشو کردی جائے گی۔
ناصرف انفرادی طور پر نمبر حاصل کیا جاسکتا ہے بلکہ مختلف کارپوریٹ کمپنیز بھی ایک ہی سیریل میں جتنی مرضی تعداد میں مطلوبہ نمبر پلیٹس حاصل کرسکتی ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب رضوان شیروانی کے مطابق کوئی بھی کمپنی اگر چاہتی ہے کہ انکی تمام گاڑیوں کی سریل ایک ہو تو وہ بھی اپلائی کریں، اسکے مطابق قیمت دیکر وہ اپنی گاڑیوں کےلیے پسند کا نمبر لے سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی جانب سے قومی ہیرو ارشد ندیم کو بھی لمبی تھرو پھینکنے پر پوانٹس کی مناسبت سے 92.97 PAK نمبر پلیٹ گفٹ کی گئی جسکو وینٹی نمبر پلیٹ سکیم کے تحت رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز کی جانب سے وینٹی نمبر پلیٹ سکیم کے حوالے سے تمام ورکنگ مکمل کرنے کے بعد سمری پنجاب حکومت کو ارسال کردی ہے ۔کیبنٹ کی منظوری کے بعد سکیم پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔