غلافِ کعبہ ہر سال کی طرح اس بار بھی یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا،نیا غلاف کعبہ کلید برداروں کے حوالے کردیا گیا ۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ طور پر ایک روح پرور تقریب کا اہتمام کیا گیا ، مکہ مکرمہ کے نائب امیر اور حج و عمرہ کی مستقل کمیٹی کے نائب صدر شہزادہ سعود بن مشعل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں خانہ کعبہ کا غلاف (کسوہ) بیت اللہ کے کلید برداروں کے سپرد کیا۔
حج و عمرہ کے وزیر اور مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین توفیق الربیعہ اور بیت اللہ کے چیف کلید بردار عبدالمالک الشیبی نے حوالگی کی دستاویزات پر دستخط کیے۔
حوالگی کی یہ تقریب یکم محرم 1448 ہجری کو غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی شروعات کا اعلان ہے جو کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلافِ کعبہ میں سیاہ رنگ کے قدرتی ریشم کا استعمال کرتے ہوئے اس سال کا نیا غلاف تیار کرنے کے بعد عمل میں آئی ہے۔
غلافِ کعبہ کی اونچائی 14 میٹر ہے اور اس کے اوپری ایک تہائی حصے کے درمیان 95 سینٹی میٹر چوڑا اور 47 میٹر لمبا ایک بیلٹ (پٹی) ہے جو اسلامی نقوش سے آراستہ 16 ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔
غلاف کعبہ کے لیے 120 کلو گرام سونے اور 100 کلو گرام چاندی کا دھاگہ استعمال ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اب غلاف کعبہ یکم محرم کو تبدیل کیا جاتا ہے ، اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران نو ذوالحجہ کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔
سعودی عرب نے آج حج سیزن 1447 کی کامیابی کا اعلان کرتے اس بات کی تصدیق کی کہ اس سیزن میں سکیورٹی، تنظیم اور خدمات کا ایک مربوط نظام دیکھنے میں آیا جس نے اللہ کے مہمانوں ( ضیوف الرحمن ) کو انتہائی آسانی اور اطمینان کے ساتھ اپنے مناسک ادا کرنے کے قابل بنایا۔