اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے چینی وزیراعظم لی چیانگ کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چینی وزیراعظم لی چیانگ کا پرتپاک استقبال کیا ،چینی وزیراعظم نے بڑی گرم جوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔ چینی وزیراعظم کا یہ پاکستان کا دورہ 11 سال بعد ہو رہا ہے، اور انہیں نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف نے خوش آمدید کہا۔ لی چیانگ ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی۔ دونوں رہنما چین-پاکستان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، جس میں سی پیک 2 کے علاوہ دیگر بڑے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اس تقریب میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی ہوگا۔
چینی وزیراعظم کے وفد میں وزارت خارجہ، تجارت، قومی ترقی و اصلاحات کمیشن اور چین کی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی کے نمائندے شامل ہیں۔ وہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے اہم مسائل پر تعاون کو بڑھانے اور سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔ چینی وزیراعظم کے چار روزہ دورے اور ایس سی او کے سربراہان کے اجلاس سے پہلے اسلام آباد میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومت نے شہر میں تین روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور پولیس و فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔