انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو میں ایک ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ انڈونیشیا کے صوبے مغربی کلیمانتان میں پیش آیا، ایئربس ہیلی کاپٹر جو مقامی کمپنی میتھیو ایئر نوسانتارا کی ملکیت تھا، گزشتہ صبح مغربی کلیمنتان صوبے میں پرواز بھرنے کے تقریباً پانچ منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو عملے کے ارکان اور چھ مسافر سوار تھے۔
بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو چکا ہے اور اس میں سوار تمام افراد جان کی بازی ہارگئے ، جاں بحق ہونے والوں میں ایک ملائیشین شہری بھی شامل ہے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں جبکہ امدادی ٹیموں نے ایک گھنے جنگل اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں لاشیں تلاش کر لیں، لاشوں کو صوبائی دارالحکومت پونتیانک منتقل کیا جا رہا ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا میں واقع وسیع جزائر پر مشتمل ملک انڈونیشیا اپنے ہزاروں جزیروں کو آپس میں ملانے کے لیے فضائی سفر پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے ، ملک کا فضائی حفاظتی ریکارڈ ماضی میں کمزور رہا ہے، جہاں حالیہ برسوں میں کئی مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں۔
جنوری میں ماہی گیری کی وزارت کے چارٹرڈ ٹربوپروپ طیارہ سولاویسی کے جزیرے پر ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
گزشتہ سال ستمبر میں جنوبی کلیمنتان میں چھ مسافروں اور دو عملے کے ارکان کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔