انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں خطاب کے دوران ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے خطے میں جنگ رک گئی۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے لئے کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہے، اس جنگ بندی کو امن کے ایک موقع کے طور پر دیکھنا چاہئے۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لئے مکمل کھول دینا چاہئے۔
دوسری جانب وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دو طرفہ ملاقات کی ۔
یہ ملاقات انطالیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور دیگر اعلیٰ ترک حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

