لندن میں نون لیگ پر ہلڑ بازی، دس سے 12 افراد جمائمہ کے پیسوں پر کام کر رہے ہیں ، عطا تارڑ کا انکشاف

لندن میں نون لیگ پر ہلڑ بازی،  دس سے 12 افراد جمائمہ  کے پیسوں پر  کام کر رہے ہیں ، عطا تارڑ کا انکشاف

لندن: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ لندن میں حکومتی وزراء اور نون لیگ کے رہنماؤں کے خلاف ہلڑ بازی کرنے والے 10 سے 12 افراد جمائمہ کے پیسوں پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد باقاعدہ سکالرشپ پر جمائمہ کی مدد سے رکھے گئے ہیں اور ان کا مقصد صرف انتشار پھیلانا ہے۔

عطا تارڑ نے آزادی ڈیجیٹل کے پوڈ کاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں ہلڑ بازی میں ملوث افراد کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور یہ محض آغاز ہے۔ ایسے افراد جو دوسروں کو گالیاں دیتے اور اخلاقیات کی حدود پار کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ اپنی شناخت، نام، اور پس منظر سے شرمندہ ہیں اور ایسی حرکتوں میں ملوث ہو کر اپنی تربیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ عطا تارڑ نے واضح کیا کہ قانون کے تحت ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ “یہ وقت سمجھانے یا معاف کرنے کا نہیں ہے، اب ان کا پورا علاج ہوگا، چاہے وہ جہاں بھی ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ عدالت نے واضح حکم دیا ہے کہ نہ تو احتجاج، نہ دھرنا اور نہ ہی جلسے جلوس ہونے چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج کرے گا تو اسے گرفتار کر لیا جائے گا، اور اس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران بیلاروس کے صدر کے دورے کے ہم آہنگ ہونے پر سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ایک معمول کا واقعہ ہے، کیونکہ کسی ملک کے سربراہ کا دورہ کئی مہینے پہلے شیڈول ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران احتجاج کرنا پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو متاثر کر سکتا ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ جب بھی ملک میں اہم ایونٹ ہو، پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کی کال دی جاتی ہے، لیکن عدالتی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر وہ کوشش کریں گے تو انہیں روکا جائے گا اور گرفتار بھی کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے آزاد ڈیجیٹل کے ساتھ گفتگومیں دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل زیادہ تر افراد نہیں چاہتے کہ عمران خان باہر آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی حلقے میں عمران خان کی رہائی کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے بار بار کہا ہے کہ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، حالانکہ پی ٹی آئی نے بھی سخت موقف اختیار کر رکھا ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا کہ حکومت کسی سے مزاکرات نہیں کرے گی۔عطاء تارڑ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ عمران خان کے دشمن بہت ہیں، اور انہیں مزید دشمنوں کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے خود انہیں بتایا کہ عمران خان بجٹ پاس کرنے کے لیے فون کرواتے تھے، اور اب وہ خود فون کرتے ہیں۔عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ انتخابات سے پہلے ہمارا نعرہ تھا کہ ادارے نیوٹرل ہو جائیں، اور 2018 میں عمران خان جن کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آئے، ان کے دور میں ملکی حالات کی تباہی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں زبردستی اقتدار میں بٹھانے کی جو صورتحال تھی، اس کے سنگین نتائج سامنے آئے۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ پرویز الٰہی نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمران خان خود بجٹ کے لیے فون کرتے تھے۔

مزید ویڈیو میں ملاحظہ کریں: 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *