پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی آئی ) نے تصدیق کی ہے کہ (سی می وی 5) بین الاقوامی سب میرین کیبل مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ ٹریفک دوبارہ معمول پر آ گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق جمعرات کی شب سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اب خرابی دور ہونے کے بعد تمام انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
اتھارٹی نے بتایا کہ خرابی کے دوران ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کی بین الاقوامی آئی پی ٹرانزٹ صلاحیت کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا تھا۔ سروسز کو مکمل طور پر بند ہونے سے بچانے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا گیا، جبکہ( ایس ایم ڈبلیو5) کنسورشیم کے تعاون سے بحالی کا کام جاری رکھا گیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بحالی کے پورے عمل کے دوران وہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہی تاکہ انٹرنیٹ سروسز کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔
ادارے کے مطابق ( ایس ایم ڈبلیو5) کیبل مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ ٹریفک معمول پر آ چکی ہے اور صارفین اب بغیر کسی رکاوٹ کے انٹرنیٹ خدمات استعمال کر سکتے ہیں۔