بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ’’مسٹر پرفیکشنسٹ‘‘ کہلانے والے عامر خان کی تیسری شادی سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اپنی قریبی دوست گوری اسپرٹ کے ساتھ 5 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ شادی کی تقریب ممبئی میں اداکار کی رہائش گاہ پر سادگی سے منعقد کی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے شادی کی تاریخ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ’’5 جولائی ہمارے لیے ایک خاص دن ہے، اسی روز ہم شادی کر رہے ہیں۔‘‘
اداکار کے مطابق شادی کی تقریب انتہائی نجی نوعیت کی ہوگی، جس میں صرف دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور چند قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے اس بار اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی چکاچوند سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اسی لیے شادی کی تقریب کو سادہ اور محدود رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل دو شادیاں کر چکے ہیں، جبکہ حالیہ مہینوں میں انہوں نے گوری اسپرٹ کے ساتھ اپنے تعلق کا باضابطہ اعتراف بھی کیا تھا۔ اب مداح ان کی تیسری شادی کی تقریب کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔