جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحیت جاری ، 6 افراد شہید

جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحیت جاری ، 6 افراد شہید

جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تھم نہیں سکا ، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 6 افراد شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر بنت جبیل اور بلدہ حانین میں شہریوں کے گھروں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کارروائیاں کیں، جبکہ بلدہ مجدل زون کے مضافات اور جنوبی لبنان کے ضلع صور میں بھی فضائی حملے کیے گئے۔

ادھر عالمی ادارہ صحت کے مطابق جنگوں کے باعث ایران اور لبنان میں تین کروڑ بیس لاکھ افراد بے گھر ہوچکے  ہیں،  بیشتر صحت مراکز تباہ یا بند ہیں، بیماریاں بڑھ رہی ہیں اور دوائیں کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کے لبنان پر حملے علاقائی امن کی امید کیلئے نقصان دہ ہیں ، ترک صدر رجب طیب

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارۂ صحت کو فوری طور پر3 کروڑ تیس لاکھ ڈالرز کی ضرورت ہے۔

اسرائیلی فوج نے جبری انخلاء کا حکم جاری کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے رہائشیوں کو کہا ہے کہ انہیں کم از کم ایک کلومیٹر دور چلے جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا تھا، مگر اس کے باوجود ٹرمپ کے اعلان کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

editor

Related Articles