پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ آج ، 20 جنوری سے آپریشنل ہو گیا ہے۔ اس اہم منصوبے کی تکمیل نے گوادر کو عالمی سطح پرایک نیا سنگ میل دیا ہے۔
ائیرپورٹ کی تعمیر پر 50 ارب روپے کی لاگت آئی ہے اور یہ 430 ایکڑ رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔ گورنڈانی کے علاقے میں واقع یہ ائیرپورٹ گوادر شہر سے تقریباً 26 کلومیٹر دور ہے۔ اس کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جو بڑے طیاروں جیسے ایئر بس اے 380 اور بوئنگ 747 کو لینڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی کہ نیو گوادر ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن بارشوں کے باوجود مقررہ شیڈول کے مطابق آج ہی شروع ہو گی اور اس سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔
آج کے افتتاحی دن کراچی سے پہلی پرواز، پی کے 503، گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچنے والی ہے جس پر واٹر سلیوٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ اس تاریخی موقع پر گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزیر خواجہ آصف، اور دیگر اہم شخصیات کی موجودگی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ نیو گوادر ائیرپورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا جبکہ ائیرپورٹ پر پروازوں کی باقاعدہ لینڈنگ آج سے شروع ہو رہی ہے۔ یہ ائیرپورٹ نہ صرف سی پیک کے تحت اہم ترین منصوبہ ہے بلکہ گوادر کے عالمی فضائی روابط کو بھی مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔