پاک سری لنکن افواج کی مشترکہ مشق شیک ہینڈ ٹو شروع

پاک سری لنکن افواج کی مشترکہ مشق شیک ہینڈ ٹو شروع

پاکستان اور سری لنکا کی افواج کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشق ’شیک ہینڈز II‘ کا تربیلا میں باضابطہ آغاز ہو گیا ہے جو خطے میں سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دو ہفتوں پر مشتمل مشق نہ صرف فوجی مہارتوں کو جِلا بخشے گی بلکہ دونوں ممالک کے دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔

مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور سری لنکن آرمی کی اسپیشل فورسز کے تربیت یافتہ دستے حصہ لے رہے ہیں ، اس دوران انسدادِ دہشت گردی آپریشنز سے متعلق جدید حکمت عملیوں، عملی تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ کیا جائے گا تاکہ مشترکہ آپریشنز میں ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

  یہی بھی پڑھیں :پاک چین مشترکہ بحری مشق سی گارڈین 4 کراچی میں اختتام پذیر

اعلامیے کے مطابق اس مشق کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف عسکری تعلقات کو وسعت دیتی ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: پاک نیوی کے بحری بیڑے کا مسقط کا دورہ، مشترکہ مشق میں حصہ لیا 

مشق کے دوران شریک افواج مختلف فرضی آپریشنز میں حصہ لیں گی جہاں شہری علاقوں میں دہشت گردی سے نمٹنے، یرغمالیوں کی بازیابی اور حساس تنصیبات کے تحفظ جیسے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دفاعی حلقوں کا کہنا ہے کہ ’شیک ہینڈز II‘ جیسے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو بڑھانے اور مشترکہ خطرات کے خلاف مؤثر حکمت عملی وضع کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

editor

Related Articles