پاک نیوی کے بحری بیڑے کا مسقط کا دورہ، مشترکہ مشق میں حصہ لیا

پاک نیوی کے بحری بیڑے کا مسقط کا دورہ، مشترکہ مشق میں حصہ لیا

پاک بحریہ کے ایک فلوٹیلا جس میں سیل شپ پی این ایس راہ نورد، پی این ایس مددگار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر شامل تھا نے سلطنتِ عمان کی اہم بندرگاہ پورٹ سلطان قابوس مسقط کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پر آمد کے موقع پر عمانی حکام نے پاکستانی بحری جہازوں کا پرتپاک اور دوستانہ استقبال کیا جو دونوں برادر ممالک کے قریبی اور خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

دورے کے دوران مشن کمانڈر اور پاکستانی بحری جہازوں کے کمانڈنگ افسران نے عمانی بحری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ مشن کمانڈر نے رائل نیوی آف عمان کے قائم مقام کمانڈر سے ملاقات کی  جس میں باہمی بحری تعاون، خطے کی بحری سلامتی اور مشترکہ تربیتی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز و منصوبہ بندی، کمانڈر میری ٹائم سکیورٹی سینٹر، کمانڈر سعید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں پیشہ ورانہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان نیوی نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا،چوتھی آبدوز’غازی‘ کی چین میں رونمائی

ان ملاقاتوں کے بعد بندرگاہی دورے کے اختتام پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے رائل عمان نیوی کے جہاز خاصب کے ساتھ سمندر میں مشترکہ پیسج ایکسرسائز میں حصہ لیا۔ اس بحری مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا، پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ کرنا اور مشترکہ طور پر بحری آپریشنز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔ مشق کے دوران مواصلات، بحری نقل و حرکت اور پیشہ ورانہ ردِعمل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر عملی مشقیں کی گئیں۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور عمان بحری ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات نہایت مضبوط ہیں۔ اعلیٰ سطحی دورے، بحری جہازوں کے باقاعدہ بندرگاہی دورے اور مشترکہ بحری مشقیں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور بحری تعاون کا مستقل حصہ ہیں۔ ایسے دورے نہ صرف پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

editor

Related Articles