سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے متحدہ قومی موومنٹ کے بیان پر شدید ردعمل میں کہا ہے کی ایم کیو ایم اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف بلا جواز تنقید کرتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کے کسی بھی رہنماء کے بیان کو پی پی پی کبھی سنجیدہ نہیں لیتی ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو رزداری کی جانب سے کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں ظہرانہ ایک کامیاب اجتماع تھا۔
دوسری طرف بلاول بھٹو کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم رہنماؤں کی پیپلزپارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، متحدہ رہنما آپس کے اختلافات کا غصہ کسی اور پر نکالنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں ۔
ادھر پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اس لیے بوکھلاہٹ ہو گئے ہیں کہ بلاول بھٹو تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں ، شہر قائد کی عوام کی حمایت ایم کیو ایم کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے اپنی پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور الزام لگاتے ہوئے کہاتھا کہ کراچی کے تاجروں سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔