مصر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایسٹرانومیکل اینڈ جیو فزیکل ریسرچ نے سال 1446 ہجری کے لیے شوال کا چاند دیکھنے کی پیشنگوئی کرتے ہوئے 2025 میں عید الفطر کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں ممکنہ طور پر 31 مارچ کو پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔
ادارے کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان المبارک 1446 ہجری، جو کہ 29 مارچ 2025 کو پڑ رہا ہے، قاہرہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے کے بعد نمودار ہوگا۔ چاند کی رویت کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ نے بتایا کہ قاہرہ میں غروب آفتاب کے بعد چاند 11 منٹ تک آسمان پر نظر آئے گا، جب کہ مصر کے دیگر علاقوں میں یہ دورانیہ 9 سے 12 منٹ تک ہوگا۔ عرب اور اسلامی دنیا کے دارالحکومتوں اور بڑے شہروں میں چاند کی رویت کا وقت 3 سے 19 منٹ کے درمیان ہوگا۔ تاہم کوالالمپور (ملائیشیا) میں چاند غروب آفتاب سے 5 منٹ پہلے اور جکارتہ (انڈونیشیا) میں غروب آفتاب سے 7 منٹ پہلے ہی غروب ہو جائے گا۔
انسٹی ٹیوٹ نے مصر کے ان شہروں کی فہرست بھی جاری کی ہے جہاں 29 مارچ کو چاند کے مراحل واضح طور پر دیکھے جا سکیں گے۔ ان میں قاہرہ، حلایب، اسکندریہ، سوہاج اور دیگر گورنریٹس شامل ہیں۔ عرب اور غیر عرب ممالک کے دارالحکومتوں اور شہروں میں بھی شوال کا چاند دیکھا جا سکے گا۔ ان میں نواکشوط، مراکش، فاس، لاغوس، الجزائر، تونس، طرابلس (لیبیا)، خرطوم، مقدیشو، انقرہ، عمان، دمشق، جیزان، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، قدس شریف، بغداد، عدن، ریاض، کویت سٹی، کیپ ٹاؤن، منامہ، تہران، دوحہ، ابوظہبی، دبئی، مسقط، کراچی، کوالالمپور، جکارتہ، برازیلیا، لیما، واشنگٹن، اوٹاوا، لندن اور ماسکو جیسے شہر شامل ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 30 مارچ 2025 کو مذکورہ علاقوں میں عید الفطر منائی جا سکتی ہے۔