صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمین کو عیدالفطر کے موقع پر 8 چھٹیاں مل گئیں۔
تفصیلات کے بعد صوبائی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر 31 مارچ سے 2 اپریل تک 3 تعطیلات کا اعلان کیا، 4 اپریل کو ذوالفقار بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ 29 اور30 مارچ جبکہ 5 اور6 اپریل بروز ہفتہ اتوار بھی دفاتر بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ وفاق سمیت تمام صوبوں میں عیدالفطر کی تعطیلات 31 مارچ سے 2 اپریل تک ہوں گی۔
ملک میں شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر کے تعین کے حوالے سے نئی پیش گوئی سامنے آگئی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے اختتام اور عید الفطر کی تاریخ کے تعین کے سلسلے میں عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے الگ الگ دعوے کیے جاتے ہیں کہ عید کس تاریخ کو ہوگی۔
اس سلسلے میں غیر سرکاری رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے چاند کی پیدائش اور رویت کے سائنسی اور فلکیاتی شواہد پر روشنی ڈالی ہے۔ خالد اعجاز مفتی کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، جس کے بعد عید الفطر 31 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شوال کا نیا چاند پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 29 مارچ کی سہ پہر 3 بج کر 58 منٹ پر پیدا ہوگا۔ فلکیاتی اصولوں کے مطابق چاند کی رویت کے لیے چند بنیادی شرائط ہوتی ہیں، جن میں چاند کی کم از کم عمر 18 گھنٹے ہونا اور غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان کم از کم 40 منٹ کا فرق ہونا شامل ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 30 مارچ کی شام، یعنی 29 رمضان المبارک کے غروبِ آفتاب کے وقت، چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 26 گھنٹے سے زائد ہوگی۔ اس کے علاوہ غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان فرق مختلف شہروں میں کراچی میں 69 منٹ، جیوانی میں 71 منٹ، کوئٹہ اور لاہور میں 74 منٹ، اسلام آباد میں 76 منٹ، پشاور اور مظفر آباد میں 77 منٹ، جبکہ گلگت میں 78 منٹ کا ہوگا۔ چونکہ یہ فرق 40 منٹ کی کم از کم حد سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے اگر مطلع صاف ہوا تو 30 مارچ کی شام چاند با آسانی نظر آ سکے گا اور یوں 31 مارچ بروز پیر پاکستان میں عید الفطر منائی جائے گی۔