محکمہ موسمیات نے دو دن تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی بڑی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 اور 27 مارچ کے دوران آندھی،جھکڑ، ژالہ باری، گرج چمک اور تیز موسلادھار بارش کی وجہ سے کمزور انفرا سٹرکچر (بجلی کے کھمبوں، درختوں ، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ ) کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آندھی اور ژالہ باری پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
اس دوران درمیانی سے شدید بارش کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلیاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ سکتا ہے۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ کے مقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی نالوں/ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر ، خطہ پوٹھوہاراورشمالی بلو چستان میں تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
کل خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بیشتر مقامات پر جبکہ بالائی پنجاب، اسلام آباد اورشمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر وقفے وقفے سےتیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بڑی پیشگوئی کی گئی ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے ۔