گاؤں میں سولر لگائیں شہر میں فائدہ اٹھائیں ،حکومت کی خصوصی اسکیم

گاؤں میں سولر لگائیں شہر میں فائدہ اٹھائیں ،حکومت کی خصوصی اسکیم

حکومتِ پاکستان ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے اور بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک نئی اور منفرد سولر اسکیم پر کام کر رہی ہے جس کے تحت شہری اپنے گاؤں میں سولر سسٹم نصب کر کے اس کی پیداوار کا بجلی کریڈٹ اپنے شہر کے فلیٹ یا گھر کے بل میں حاصل کر سکیں گے۔

اس مجوزہ منصوبے کے مطابق شہریوں کو یہ سہولت دی جائے گی کہ وہ اگر شہروں میں فلیٹس یا ایسے گھروں میں رہتے ہیں جہاں چھت پر سولر پینل لگانے کی جگہ موجود نہیں تو وہ اپنی آبائی زمین یا گاؤں میں سولر پلانٹ لگا کر اس سے پیدا ہونے والی بجلی کا فائدہ شہری رہائش میں حاصل کر سکیں گے۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ کے صدر عثمان شوکت نے اس حوالے سے کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر ایک انقلابی سولر وہیلنگ پالیسی تیار کی جا رہی ہے جس کے تحت نیٹ میٹرنگ کے نظام کو مزید وسعت دی جائے گی اور صارفین کو مختلف مقامات پر بجلی پیدا کر کے اس کا کریڈٹ اپنے استعمال میں شامل کرنے کی سہولت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں :گھروں کے لیے مفت سولر سسٹم منصوبے کی منظوری

نجی ٹی وی کے مطابق اس اسکیم کا سب سے زیادہ فائدہ ان شہریوں کو ہوگا جو فلیٹوں یا گنجان آباد علاقوں میں رہتے ہیں اور ذاتی طور پر سولر سسٹم نصب کرنے سے محروم ہیں،اب وہ اپنی گاؤں کی زمین پر سولر پاور پلانٹ لگا کر اس کی پیداوار کا فائدہ اپنے شہری بجلی بل میں ایڈجسٹ کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک میں اس طرز کی سولر وہیلنگ پالیسی پہلے ہی کامیابی سے رائج ہے، جس کے ذریعے زمین کی کمی کا شکار شہریوں کو متبادل توانائی کے ذرائع سے جوڑا جاتا ہے۔

اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو اس سے نہ صرف نیشنل گرڈ پر دباؤ کم ہوگا بلکہ صارفین کے بجلی کے بلوں میں بھی واضح کمی آنے کی توقع ہے[اس کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا اور توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی طرف اہم پیش رفت ممکن ہوگی۔

editor

Related Articles