گھروں کے لیے مفت سولر سسٹم منصوبے کی منظوری

گھروں کے لیے مفت سولر سسٹم منصوبے کی منظوری

بینک آف خیبر کے تعاون سے سولر ہوم سسٹم منصوبے کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 21ویں اجلاس میں 56 ارب روپے سے زائد مالیت کے 41 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صحت، تعلیم، توانائی، مواصلات، آبپاشی، کھیلوں اور ڈیجیٹل گورننس سمیت مختلف شعبوں کے اہم منصوبے منظور کیے گئے۔

حکام کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر بنوں، ہزارہ، ملاکنڈ اور مردان ڈویژنز میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔ نئی بلیک ٹاپ سڑکوں، شارٹ روٹس اور متبادل شاہراہوں کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اجلاس میں ضلع ڈی آئی خان میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال اور سوات کے علاقے کبل میں پیڈز اسپتال کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ضم شدہ اضلاع میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 100 ماہرین اور طبی عملے کی تعیناتی اور محکمہ صحت میں انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں،4خوارج ہلاک

سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں فلڈ پروٹیکشن منصوبے منظور کیے گئے۔ کوہاٹ میں سماری پایان ڈیم کی تعمیر، کرم اور اورکزئی سمیت مختلف اضلاع میں سڑکوں کی کشادگی و بحالی جبکہ جنوبی وزیرستان میں اہم شاہراہوں کی بہتری کے منصوبے بھی منظور ہوئے۔

توانائی کے شعبے میں بینک آف خیبر کے تعاون سے سولر ہوم سسٹم منصوبے کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی منظوری دی گئی، جبکہ جنوبی وزیرستان اور کرم میں پن بجلی منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔

تعلیم کے شعبے میں سوات میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس اور قیوم اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے بھی منظور کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اندرونی احتساب کمیٹی کا بڑا اقدام، خیبرپختونخوا میں کرپشن کیخلاف شکایات کیلئے 4 علاقائی کمیٹیاں قائم

مزید برآں اجلاس میں بے روزگار وٹرنری گریجویٹس کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی، خیبر پختونخوا ڈیجیٹل گورننس منصوبہ، ملاکنڈ میں جبن درگئی عوامی پارک کے قیام اور جانی خیل ٹی ایس ڈی وزیر کے لیے مربوط ترقیاتی پیکج کی بھی منظوری دی گئی۔

Related Articles