امریکی سفارتخانے میں تقریب، پاکستان اور امریکہ مستقبل میں مِل جُل کر بہت کچھ بنانے جا رہے ہیں،امریکی ناظم الامور

امریکی سفارتخانے میں تقریب، پاکستان اور امریکہ مستقبل میں مِل جُل کر بہت کچھ بنانے جا رہے ہیں،امریکی ناظم الامور

امریکا کی آزادی کو ڈھائی سو سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے فریڈم 250 کے عنوان سے ایک پُروقار تقریب ہفتے کی رات منعقد کی گئی، جس میں امریکی جمہوریت کے 250 سالہ سفر اور پاکستان و امریکہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

یہ تقریب سال بھر جاری رہنے والی ان عالمی تقریبات کا حصہ ہے جو امریکی یومِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہیں اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے اور کثیرالجہتی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سرکاری حکام، کاروباری رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے، تعلیمی ماہرین اور ثقافتی شخصیات شامل تھیں۔ شرکاء کی موجودگی نے دونوں ممالک کے تعلقات کی وسعت اور اہمیت کو نمایاں کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مشن پاکستان کی ناظم الامور نیتھلی بیکر نے کہا کہ فریڈم 250نہ صرف امریکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ آزادی، جمہوریت اور شراکت داری جیسی مشترکہ اقدار کا جشن بھی ہے جو پاکستان اور امریکہ کو قریب لاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کو” مین آف دی پیس” قرار دے دیا

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان 80 سالہ دوستی بھی منائی جا رہی ہےاور مستقبل میں دونوں ممالک مل کر مزید کامیابیاں حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہماری بہترین کامیابیاں ماضی میں نہیں بلکہ مستقبل میں ہیں جسے ہم مل کر تعمیر کریں گے۔

تقریب میں امریکی میرین کور کے کلر گارڈ کی جانب سے پرچم پیش کیا گیا جبکہ پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی بجائے گئےاس کے بعد امریکی فضائیہ کی سینٹرل کمانڈ کے بینڈ اور دیگر فنکاروں نے موسیقی پیش کی۔

تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی کے مظاہرے پر ہوا جس نے اسلام آباد کی فضا کو روشن کر دیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان روشن مستقبل کی علامت قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ “فریڈم 250” امریکہ کے اعلانِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں امریکی سفارتی مشنز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریبات کا حصہ ہے۔

editor

Related Articles