پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اعظم سواتی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے خلاف ایک بار پھر متحرک ہوگئے۔ اعظم سواتی نے بابر سلیم سواتی کے خلاف تمام ثبوت احتساب کمیٹی کو ارسال کردیے۔
آزاد ڈیجیٹل کے ذرائع کے مطابق اعظم سواتی نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی کیخلاف تمام ثبوت احتساب کمیٹی کوفراہم کر دیے، بابرسلیم نے کتنی بھرتیاں کیں ، کس کو پروموشن دی اور فنڈز کو کہاں استعمال کیا، اعظم سواتی نے احتساب کمیٹی کوتمام تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر خیبرپختونخوا کیخلاف مبینہ شکایات پر تاحال انکوائری کا عمل جاری ہے اور انہیں دو بار طلب کرکے سوالات پوچھے گئے لیکن وہ مکمل ریکار ڈ جمع کروانے میں ناکام رہے ہیں۔ اعظم سواتی کو خدشہ تھا کہ اسپیکر کیخلاف کارروائی میں تاخیر ہوسکتی ہے لہذا انہوں نے خود ہی تمام ثبوت احتساب کمیٹی کو فراہم کر دیے ہیں۔ انہوں نے احتساب کمیٹی کی آسانی کیلئے تمام ثبوتوں کو جمع کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہدو ہفتے سے بابرسلیم سواتی کیخلاف تحقیقات کا عمل جاری ہے، کمیٹی کی تحقیقات کی رفتار سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ انکوائری مکمل ہونے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں، اسی وجہ سے اعظم نے فیصلہ کیا کہ وہ خود ہی احتساب کمیٹی کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کریں۔ اعظم سواتی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے اس پر مکمل کام کیا اور ثبوتوں کیساتھ تفصیلات احتساب کمیٹی کو فراہم کر دی ہیں۔
دوسری جانب احتساب کمیٹی ذرائع نے کہا کہ ابتدائی موصول ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے اور کمیٹی متعدد بھرتیوں اور پروموشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔ تحقیقات کو جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ عمران خان کو پیش کی جائیگی۔
اس سلسلے میں صحافیوں نے جب خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر بابر سلیم سواتی سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ جتنا ریکارڈ مانگا گیا تھا وہ احتساب کمیٹی کے پاس جمع کرادیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہونے پر تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔ اسپیکر نے اس معاملے پر مزید بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انکوائری جاری ہے لیکن اس پر مزید بات انکوائری کے مکمل ہونے کے بعد ہی کرنا مناسب ہوگی۔
واضح رہے کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی پر اپنی ہی پارٹی کے سینئر رہنماء اعظم سواتی نے مبینہ الزامات کرپشن، اختیارات کے غلط اور فنڈز کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔