پاکستان نے ٹرمپ ٹیرف سے متعلق مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ کرلیا، سینئر صحافی مرتضیٰ سولنگی کی خبر درست ثابت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نئے امریکی ٹیرف پر جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، پرویز ملک، مشیر وزیراعظم سید توقیر شاہ، طارق فاطمی اور ہارون اختر شریک ہوئے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان سے وفد امریکا جائیگا، وفد امریکا کیساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئے ٹیرف پر بات کرے گا جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور بر آمد کنندگان بھی شامل ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے وفد کو نئے ٹیرف پر مذاکرات کے بعد لائحہ عمل طے کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو نئے ٹیرف پر اسٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ پیش کی گئی اور مستقبل کا مجوزہ لائحہ عمل پیش کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایاگیا ک ہامریکا میں پاکستانی سفارتخانہ مسلسل امریکی حکومت کیساتھ رابطے میں ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ امریکا پاکستان کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں ، پاکستان کی حکومت امریکا کیساتھ تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔
ٰیاد رہے کہ سینئر تجزیہ کار مرتضیٰ سولنگی نے سوموار کے دن آزاد ڈیجیٹل کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے خبر دی تھی کہ پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کیے گئے نئے ٹیرف کے معاملے پر امریکا کیساتھ رابطے میں ہے، پاکستان ہرگز نہیں چاہے گا کہ اپنی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی کیساتھ کوئی تصادم کی راہ اختیار کرے لہذا پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد امریکا روانہ ہوگا اور اس معاملے پر اچھی خبر ملے گی۔