پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے بڑا مالی پیکج منظور کر لیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، شہری سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ نظام کی اپ گریڈیشن کے لیے مجموعی طور پر 87 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے سترہویں اجلاس میں کیا گیا جو چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف شعبوں کے لیے وسیع پیمانے پر ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی جن میں سب سے بڑا حصہ بلدیاتی منصوبوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
بلدیاتی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 39 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت صوبے کے متعدد شہروں اور قصبات میں سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور دیگر شہری سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :زمین کی خریدوفروخت کرنیوالے شہریوں کے لیے پنجاب حکومت کا بڑااقدام
اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے51 ارب روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے جس سے مختلف ڈویژنز میں بس ڈپو، بس شیلٹرز، فلیگ پوسٹس اور دیگر بنیادی سہولیات قائم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بھکر، گجرات اور نوشہرہ ورکاں میں سیوریج، نکاسی آب اور پی سی سی سڑکوں کی تعمیر کے لیے چار ارب روپے مختص کیے جائیں گے جس کا مقصد ان علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔

