خطے میں کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر مثبت پیش رفت کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں جہاں پاکستان کی کوششوں سے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے فضا سازگار بنتی دکھائی دے رہی ہے۔
ایک سینئر پاکستانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے حوصلہ افزا اشارے موصول ہوئے ہیں جس کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تہران مذاکراتی عمل میں شرکت پر آمادہ ہو جائے گا۔
پاکستان اس وقت دونوں ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھایا جا سکے اور کسی ممکنہ تعطل کو دور کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سفارت کاری کا عمل نہایت اہم ہوچکا ہے اور یہی راستہ خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔
ایران کی جانب سے جلد ہی حتمی فیصلہ متوقع ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ مذاکرات میں شریک ہو جائے۔ اس پیش رفت کو نہ صرف پاکستان کی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔