پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم خاتون رہنما سیمابیہ طاہر نے تردید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزرعالیہ حمزہ کو گرفتار کرکے ویمن پولیس اسٹیشن راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ عالیہ حمزہ راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیلئے پہنچی تھیں۔ عالیہ حمزہ کیساتھ پی ٹی آئی کی خاتون کارکن شمیم آفتاب کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب تاہم سیمابیہ طاہر کا کہنا ہے کہ عالیہ حمزہ کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ وہ خاتون گرفتار خاتون کارکن کو چھڑانے کیلئے تھانے گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے قریب تحریک انصاف کے رہنمائوں اور عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے چند گھنٹے بعد انہیں چکری انٹرچینج کے قریب تحویل سے آزاد کر دیا۔