محکمہ موسمیات نے آج رات سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، مختلف علاقوں میں 5 مئی تک بارشیں جاری رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم آج رات ملک میں داخل ہوگا، تیز ہوائوں اور بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 30 اپریل کی رات سے چار مئی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چار مئی تک اسلام آباد مری گلیات، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
دو سے پانچ مئی کے دوران جنوبی پنجاب، بلوچستان سکھر، میرپورخاص، خیرپور تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑمیں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔