پیٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو ہڑتال کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

پیٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو ہڑتال کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم نہ کی گئی تو ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت ہر ہفتے ایک نیا معاشی بوجھ عوام پر ڈال دیتی ہے جبکہ اپنی غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہر طبقے کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے اور یہ صورتحال عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ کے تحت ٹیکس وصولی بڑھا رہی ہے اور پیٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کا ذریعہ بن چکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ عوام سے اس وقت بھی فی لیٹر 105 روے تک لیوی وصول کی جا رہی ہے جو کہ ناقابلِ برداشت ہے ان کا کہنا تھا کہ معاشی پالیسیوں میں شفافیت اور عوامی ریلیف کا فقدان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث عام شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے مطالبہ کیا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے تاکہ مسائل کو نچلی سطح پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے بین الاقوامی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فلسطین میں جاری واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے واضح کیا کہ اگر عوامی مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

editor

Related Articles