راولپنڈی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں پیچیدہ علاقائی سلامتی کے ماحول میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے دونوں ممالک کے باہمی عزم کو اجاگر کیا گیا۔
فریقین نے موجودہ جغرافیائی تزویراتی حرکیات پر جامع تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز اور سرحدی کوآرڈینیشن میکانزم پر خصوصی زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک ایران سرحدی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے سرحد پر استحکام کو یقینی بنانے کے لئے تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہبی وابستگی میں بندھے برادر ہمسایہ ممالک قرار دیا۔
وزیر خارجہ اراغچی نے خطے میں امن و استحکام بالخصوص جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی جاری کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر روابط کو مزید گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔