پنجاب حکومت کے کم آمدن اور بے گھر خاندانوں کے لیے شروع کیے گئےاپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اپنی چھت محفوظ چھت پر باقاعدہ عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ آن لائن پورٹل کھلتے ہی صوبے بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے درخواستیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق روزانہ ہزاروں افراد اپنی ذاتی رہائش کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پروگرام میں رجسٹریشن کر رہے ہیں جس سے عوام کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔
پنجاب حکومت کے اس فلاحی منصوبے کو کم آمدن والے طبقے کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے تحت نئے گھروں کی تعمیر بوسیدہ مکانات کی مرمت نئی چھت کی تعمیر اور گھروں کی توسیع کے لیے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت تمام مارک اپ خود ادا کرے گی جس کے باعث مستحق افراد کو قرض پر کسی قسم کا سود ادا نہیں کرنا ہوگا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پروگرام سے استفادہ کرنے کے لیے درخواست گزار کے نام پر اپنی ملکیتی زمین یا پلاٹ ہونا ضروری ہے۔ شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ 5 مرلے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 مرلے تک کے پلاٹ کے مالکان اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔ نئے گھر کی تعمیر کے لیے زیادہ سے زیادہ 15 لاکھ روپے جبکہ گھروں کی مرمت نئی چھت کی تعمیر یا رہائش بہتر بنانے کے لیے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق قرض کی واپسی کی مدت 5 سے 7 سال رکھی گئی ہے تاکہ مستحق خاندانوں پر مالی دباؤ کم رہے۔ مزید سہولت کے طور پر قرض لینے والوں کو ابتدائی تین ماہ تک کوئی قسط ادا نہیں کرنا ہوگی، جبکہ رعایتی مدت ختم ہونے کے بعد تقریباً 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کے ذریعے قرض واپس کیا جا سکے گا۔
ہ پاکستان میں اپنے ذاتی گھر کی تعمیر کم آمدن والے طبقے کے لیے سب سے بڑا معاشی چیلنج رہی ہے ایسے میں پنجاب حکومت کا یہ اقدام ہزاروں خاندانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ اس منصوبے سے نہ صرف بے گھر اور کم آمدن والے افراد کو اپنی چھت میسر آئے گی بلکہ تعمیراتی شعبے میں نئی سرگرمیاں پیدا ہوں گی روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور سیمنٹ، سریا اینٹوں اور دیگر تعمیراتی صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔
پروگرام پنجاب کے تمام اضلاع میں نافذ العمل ہے اور درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل شفافیت کے ساتھ کی جا رہی ہے اہل افراد پنجاب حکومت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں جبکہ رہنمائی کے لیے 0800-09100 ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے بھی پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد کم آمدن اور بے گھر خاندانوں کو باعزت رہائش فراہم کرنا خستہ حال گھروں کی بحالی کو ممکن بنانا اور سود سے پاک مالی سہولت دے کر زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔