بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے بزدلانہ حملے کے بعد پاکستانی صارفین سوشل میڈیا پر بھرپور ردِعمل دے رہے ہیں۔
اس کے جواب میں بھارتی حکومت نے ایک ہی دن میں آزاد ڈیجیٹل اردو کے تمام پلیٹ فارمز کو بھارت میں بلاک کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت پہلے ہی پاکستان کے بڑے ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ‘آزاد ڈیجیٹل اُردو’ کا “ایکس” اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کر چکی تھی لیکن اس اقدام کے باوجود جب آزاد ڈیجیٹل نے حقائق اور سچائی کو سامنے لانے کا سلسلہ جاری رکھا، تو اب ان کے دیگر پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کو بھی بھارت میں بند کروا دیا گیا ہے۔
آزاد ڈیجیٹل اُردو نے صحافتی اقدار کے عین مطابق بھارتی حملے کے پس منظر ، حقائق اور سچائی کو عوام کے سامنے پیش کیا، جو بھارتی اداروں کے لیے ناقابلِ برداشت ثابت ہوا۔ بھارتی حکام کی جانب سے سچائی کی آواز کو دبانے کی یہ کوشش سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ قرار دی جا رہی ہے۔