اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دے کر نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ عالمی سطح پر اپنی عسکری برتری کو منوا لیا۔ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی، خاص طور پر فضائی میدان میں، بین الاقوامی میڈیا اور دفاعی ماہرین کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔
معروف عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق، بھارت کی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے، اور پاکستان کو فوجی محاذ پر برتری حاصل ہے۔ بی بی سی نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ بھارت فیصلہ کن ضرب لگانے میں ناکام رہا ہے، جب کہ پاکستان کی فضائی طاقت اس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ اربوں خرچ کر کے بھی بھارت کو خاطرخواہ فائدہ نہ ہو سکا۔
برطانوی جریدہ ٹیلی گراف نے پاکستان کی مؤثر دفاعی حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے بھارت کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رافیل جیسے جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے تضحیک آمیز شکست ہے۔ ٹیلی گراف نے لکھا کہ پاک فضائیہ، فضاؤں کی حکمران ہے۔
مزید رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی طیاروں نے ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے جدید میزائلوں کے ذریعے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔ ان میں رافیل طیارے بھی شامل تھے، جنہیں بھارت نے اربوں روپے خرچ کر کے حاصل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں جے ایف 17 طیارہ ساز کمپنی کے شیئر کی قیمت میں 18 فیصد اضافہ
ٹیلی گراف کے مطابق پاکستان نے رافیل جیسے مہنگے بھارتی طیارے گرا کر نہ صرف اپنی فضائی برتری ثابت کر دی بلکہ عالمی سطح پر عسکری ماہرین کو بھی حیران کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارہ الجزیرہ نے اس واقعے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے لکھا کہتاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق، پاکستان نے نہ صرف بھارتی فوجی کیمپس اور ایئر بیسز کو بھاری نقصان پہنچایا بلکہ اس کے بعد بھارت نے فوری طور پر امریکہ سے سفارتی حل نکالنے کی درخواست بھی کی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تمام صورتحال سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید یہ کہ ماہرین نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی فضائی و عسکری برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔