امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لیورمور میں ایک فائر اسٹیشن کے اندر ایک چھوٹا سا مگر غیر معمولی بلب آج بھی ماہرین اور عام لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس بلب کو ’’سینٹینیل لائٹ‘‘ کہا جاتا ہے، جو 1901 سے مسلسل جل رہا ہے اور اسے دنیا کا سب سے طویل عرصے تک چلنے والا بلب قرار دیا جاتا ہے۔
یہ حیران کن بلب گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنی جگہ بنا چکا ہے، جہاں اسے انسانی تاریخ کا سب سے زیادہ دیر تک روشن رہنے والا بلب تسلیم کیا گیا ہے۔ ایک صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اس کی روشنی آج بھی برقرار ہے، جو جدید انجینئرنگ کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بلب کی لمبی عمر کی بڑی وجہ اس کا خاص ڈیزائن ہے۔ اسے ابتدائی دور کی شیلبی الیکٹرک کمپنی نے تیار کیا تھا، جس میں کاربن سے بنا ہوا ایک موٹا فلامنٹ استعمال کیا گیا تھا۔ یہی فلامنٹ اسے عام بلبوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط بناتا ہے۔
مزید یہ کہ یہ بلب صرف تقریباً 4 واٹ پر چلتا ہے، جس کی وجہ سے یہ زیادہ گرم نہیں ہوتا اور نہ ہی بار بار آن آف ہونے سے پیدا ہونے والا دباؤ اسے نقصان پہنچاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بلب نے نہ صرف وقت کے کئی بڑے واقعات دیکھے ہیں بلکہ یہ کئی بار بجلی کی بندش، مقام کی تبدیلی اور حتیٰ کہ اس کی نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں سے بھی زیادہ عرصہ زندہ رہ چکا ہے۔
آج یہ بلب صرف ایک روشنی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک تاریخی علامت بن چکا ہے، جس کے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لوگ لیورمور آتے ہیں۔ یہ بلب اس دور کی یاد دلاتا ہے جب چیزیں صرف استعمال کے لیے نہیں بلکہ طویل مدت تک قائم رہنے کے لیے بنائی جاتی تھیں۔