عالمی جریدے رائٹرز کے مطابق بحیرۂ عمان میں ایک بھارتی آئل ٹینکر کو امریکی فضائیہ کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ آئل ٹینکر امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران سے تیل کی منتقلی کی کوشش کر رہا تھا۔ امریکی فوج کے مطابق جہاز کے انجن روم کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا کیونکہ عملہ بار بار دی گئی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہا۔
حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور صورتحال سنگین ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 28 رکنی عملے میں سے 24 افراد بھارتی شہری تھے، جبکہ واقعے کے بعد 3 بھارتی شہری لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارت نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے نئی دہلی میں امریکی مشن کے نائب سربراہ کو طلب کر لیا ہے۔ بھارتی حکومت نے آئل ٹینکر پر حملے کے خلاف باضابطہ طور پر اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بھارت نے اس کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل وضاحت اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے،واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔