حریت کانفرنس نے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان مخالف بیانیہ کشمیریوں کے جذبات اور مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتا۔
حریت قیادت کے مطابق آزاد کشمیر کی سڑکوں پر مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی ایک سازش بے نقاب ہوئی ہے، جہاں احتجاج کی آڑ میں پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ کوشش ناکام ہو گئی۔
حریت رہنما نے کہا کہ چند شرپسند عناصر آزاد کشمیر میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف نعرے کشمیری عوام کی نمائندگی نہیں کرتے اور آئینی و قانونی معاملات سڑکوں پر نہیں بلکہ متعلقہ فورمز پر حل ہوتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر میں چند عناصر کے اقدامات سے کشمیر کاز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ حریت کانفرنس نے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو کشمیری عوام کے مؤقف کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔
حریت قیادت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش رہنے والے عناصر آج پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، جبکہ کشمیری عوام پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے۔
کشمیری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ناقابلِ تسخیر ہے۔ حریت رہنماؤں کے مطابق دشمن قوتیں آزاد کشمیر میں بے چینی پیدا کرکے کشمیر کاز کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔
حریت کانفرنس نے واضح کیا کہ تمام حریت پسند جماعتیں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں اور پاکستان مخالف عناصر سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہیں۔
حریت رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف مہم دراصل بھارتی بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے، جبکہ کشمیری عوام پاکستان کی حمایت اور سفارتی کوششوں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔