پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک بھارت حالیہ تنازع میں ایران کی امن کوششوں کو سراہا اور خبردار کیا ہے کہ بعض’قوتیں‘ برادر ممالک کے درمیان دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
بھارت کی جانب سے گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے فالس فلیگ کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیے جانے کے محض دو روز بعد ایران نے کشیدگی بڑھنے پر دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔
جنرل احمد شریف چوہدری نے ارنا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کا مکمل شکر گزار ہے اور ہم خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران سمیت برادر ممالک کے شکر گزار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات سے آگاہ رہنا چاہیے کہ خطے میں ایسی قوتیں موجود ہیں جو بیرونی عوامل کی مدد سے خطے کے برادر ممالک کے درمیان غلط فہمیاں اور الجھن پیدا کرنا چاہتی ہیں اور دوستوں اور بھائیوں کے درمیان دراڑیں پیدا کرنا چاہتی ہیں۔
ارنا کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جنوبی ایشیا میں تازہ ترین پیش رفت کے ساتھ ساتھ کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سفارتکاری کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہیں خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ دورہ اسلام آباد کی بھی تعریف کی ۔
اسلام آباد کے دورے کے دوران انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں، بعد ازاں انہوں نے نئی دہلی کا دورہ بھی کیا اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تہران کی کوششوں اور تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری اور برادر ممالک بالخصوص ایران کی تمام کوششوں سے خوش ہیں جنہوں نے کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم ہمیشہ ہر چیلنج اور آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک ’ہمسایہ اور دوست ممالک ہیں جو بہت سے معاملات اور شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں‘۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ارنا کو بتایا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کی سرحدیں امن اور دوستی کا گہوارہ ہوں اور ہم اس کے منتظر ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ تہران اور اسلام آباد خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مل کر تعاون کرتے رہیں گے۔