پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا کے حوالے سے ان کے پرستاروں کے لیے تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں انہیں شدید ذہنی دباؤ کے باعث نیویارک کے مونٹیفور میڈیکل سینٹر کے نفسیاتی وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق میرا اپنی آئندہ فلم کی شوٹنگ کے دوران غیر معمولی ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں فوری طبی نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ڈاکٹروں نے مکمل آرام اور مسلسل معائنہ تجویز کیا ہے۔
میرا جس فلم پر کام کر رہی تھیں، وہ تھرلر طرز کی فلم ہے جس میں شان شاہد اور سونیا حسین بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس فلم میں میرا کا کردار نفسیاتی طور پر نہایت پیچیدہ اور چیلنجنگ ہے، جس کے باعث شوٹنگ کے دوران ان پر دباؤ بڑھ گیا۔
فلم کی کہانی، دیگر کرداروں اور ریلیز شیڈول کے حوالے سے تاحال حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم میرا کی صحت کے باعث فلمی منصوبے کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
واضح رہے کہ میرا کو آخری بار فلم باجی میں دیکھا گیا تھا، جسے شائقین اور ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔ اس کے بعد ان کی نئی فلم کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا تھا، تاہم اب ان کی صحت سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
قریبی ذرائع کے مطابق میرا کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، تاہم ڈاکٹروں نے مکمل صحت یابی تک انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔