اسلام آباد:ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف محفوظ بلکہ روشن اور تابناک ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے جُڑے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد کے ایک تعلیمی ادارے میں طلباء و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے خلاف معرکۂ حق آپریشن ’بنیان مرصوص ‘میں عوام نے جس جذبے اور محبت کا مظاہرہ کیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف محفوظ ہے بلکہ روشن اور تابناک ہے ۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس آہنی دیوار کو دہشتگردی کی طرف موڑ دیں۔ جب عوام اور فوج متحد ہوں گے تو ملک میں کوئی دہشتگرد باقی نہیں بچے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپ کو لوگ کہتے تھے کہ یہ اپنا کام نہیں کرتے، آپ ان سے سوال کرو کہ کیا فوج نے اپنا کام کیا یا نہیں؟کیا آپ ان کا احتساب نہیں کرو گے کہ تم کون ہوتے تھے جو اپنی فوج اور افسران کےخلاف باتیں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج عوام سے ہے اور عوام پاک فوج سے ہے ،یہ رشتہ ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے، اور یہ نوجوان نسل کبھی بھی ملک کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی جانب سے پھیلائی جانے والی منفی پروپیگنڈہ مہم کا مقابلہ بھی اسی اتحاد، شعور اور یکجہتی سے کیا جا سکتا ہے جو قوم اور فوج کے درمیان موجود ہے۔
نشست کے اختتام پر طلباء اور اساتذہ نے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔