پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کنول شوزب کا کہنا ہے کہ بانی کی بہن علیمہ خان سے میرا کوئی ذاتی اختلاف یا گلہ نہیں ۔
کنول شوزب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اس وقت ساری پارٹی کی توجہ بانی عمران خان کی رہائی پر مرکوزہے۔ یاد رہے کہ علیمہ خان کیخلاف کنول شوزب کی ایک ویڈیو کال وائرل ہوئی تھی، جس میں کنول شوزب نے علیمہ خان پر پارٹی کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
جس کے بعد گزشتہ روز راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کےکمرہ عدالت میں پی ٹی آئی کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان اور اور پارٹی رہنما کنول شوزب آپس میں آمنے سامنے آئیں ۔
اس موقع پر کنول شوزب نے کہا ،علیمہ آپا، میں آپ سے بات کرنا چاہتی ہوں ، اس پر علیمہ خان نے جواب دیا، بس چھوڑو، ٹھیک ہے جو تم نے کہا، ہمارے خلاف اور بہت سارے لوگ باتیں بناتے ہیں، اب ہمیں ایسے الزامات کی عادت ہو گئی ہے ۔