اگر آپ اب بھی 10 سے 11 سال پرانا اینڈرائیڈ فون استعمال کر رہے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے پریشان کن ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ واٹس ایپ جلد ہی لاکھوں صارفین کے لیے دستیاب نہیں رہے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے واضح اشارہ دے دیا ہے کہ پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے اسمارٹ فونز کو مرحلہ وار سپورٹ سے باہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد صارفین کو یا تو ڈیوائس اپ گریڈ کرنا ہوگی یا پھر اپنی چیٹس اور ڈیٹا سے محروم ہونے کا خطرہ مول لینا پڑے گا، خاص طور پر وہ اسمارٹ فونز جو اینڈرائیڈ 5 یا 5.1 پر چل رہے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے اسمارٹ فونز میں یکم جنوری 2026 سے واٹس ایپ تک رسائی محدود ہونا شروع ہو جائے گی، جبکہ 8 ستمبر 2026 کے بعد ان ڈیوائسز پر واٹس ایپ مکمل طور پر کام کرنا بند کر دے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے وقتاً فوقتاً یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو بہتر بنایا جاتا ہے، جس کے لیے ایسے نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں جو جدید آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں یہی وجہ ہے کہ کمپنی پرانے سسٹمز کے لیے سپورٹ ختم کر دیتی ہے۔
میٹا اس وقت جدید فیچرز خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات پر کام کر رہی ہے، جن کیلئے زیادہ جدید ہارڈ ویئر اور اپڈیٹڈ سسٹمز ضروری ہیں۔
اس فیصلے کے نتیجے میں لاکھوں پرانے اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ تک رسائی ختم ہو جائے گی ، 8 ستمبر 2026 کے بعد واٹس ایپ صرف ان فونز پر کام کرے گا جو اینڈرائیڈ 6 یا اس سے جدید ورژن پر چل رہے ہوں گے۔
اگر آپ اب بھی پرانا اسمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں تو بہتر ہے کہ جلد از جلد اپنی چیٹس اور میڈیا کا بیک اپ لے کر اسے کسی نئی ڈیوائس میں منتقل کر لیں، کیونکہ مقررہ تاریخ کے بعد واٹس ایپ کی تمام چیٹ ہسٹری اور میڈیا تک رسائی ممکن نہیں رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کی سکیورٹی اور پرائیویسی کو بہتر بنانا اور ایپ کی کارکردگی کو مستحکم رکھنا ہے، تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کومناسب اور صارفین کی خواہشات کے مطابق پورا کیا جا سکے۔