سعودی عرب نے14 ممالک کے لیے بلاک ورک ویزہ کوٹہ معطل کر دیا، حج سیزن تک عارضی پابندیاں نافذ العمل رہیں گی سعودی عرب نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے 14 ممالک کے شہریوں کے لیے بلاک ورک ویزہ کوٹہ جاری کرنے کا عمل جون 2025 تک معطل کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان، بھارت، مصر، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق اور نائیجیریا سمیت دیگر ممالک متاثر ہوں گے۔ بلاک ورک ویزہ ایک ایسا نظام ہے جس کے تحت سعودی کمپنیاں پہلے سے منظوری لے کر مخصوص ممالک سے کارکنان منگوا سکتی ہیں۔ اس معطلی کے بعد نئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی جب کہ پہلے سے جمع شدہ درخواستوں میں تاخیر یا رد کیے جانے کا واضح امکان ہے۔
ایسے افراد جنہیں ویزہ جاری ہو چکا ہے مگر وہ ابھی تک سعودی عرب نہیں پہنچے، انہیں داخلے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ فیصلہ حج سیزن سے قبل رش کو کنٹرول کرنے، امیگریشن نظام کو بہتر بنانے اور غیر قانونی طریقے سے آنے والے عازمین کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب نے عمرہ، فیملی وزٹ، بزنس اور ٹورسٹ ویزے بھی کئی ممالک کے لیے عارضی طور پر روک دئیے ہیں ۔
یہ پابندیاں بھی جون 2025 کے اختتام تک برقرار رہیں گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حج سیزن کے بعد ان پالیسیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے۔ متاثرہ افراد اور کمپنیاں صورت حال پر نظر رکھیں اور نئی معلومات کے لئے سعودی امیگریشن حکام یا متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔