محکمہ موسمیات نے آج ملک میں مغربی ہوائوں کی آمد سے مختلف علاقوں میں رات سے موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
آج سے جمعرات تک اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں آج سے 9 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
مغربی ہوائیں آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ آج رات سے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری ہونے کی توقع ہے۔
سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور میں بھی بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ 5 جون تک مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور چترال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، اسی دورانیے میں دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔
7 جون سے 9 جون تک دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔