اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور شعبہ جات کے لیے اربوں روپے کی رقوم مختص کی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پیش کیا جس کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کے کل اخراجات کا تخمینہ 17 ہزار 573 ارب روپے لگایا گیا ہے، جبکہ فیڈرل گروس ریونیو کا ہدف 19 ہزار 278 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کے لیے سکل ٹریننگ کے وظائف دینے کا فیصلہ بھی بجٹ کا حصہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیرخزانہ نے بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آن لائن نہ صرف اپنی شکایات درج کراسکیں گے بلکہ شواہد بھی آن لائن پیش کرسکیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ منظوری کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔ اس بجٹ میں ترقیاتی شعبوں کے ساتھ ساتھ دفاع، داخلہ، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبہ جات کے لیے مالی وسائل فراہم کیے گئے ہیں تاکہ معیشت کی بحالی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔